لسبیلہ: BISP سینٹر کی منتقلی سے خواتین کو شدید مشکلات، دوبارہ پرانے مقام پر بحالی کا مطالبہ

لسبیلہ(بیوروچیف) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کا سینٹر حالیہ دنوں میں منتقل کرکے مین قومی شاہراہ پر ایدھی سینٹر کے سامنے قائم کر دیا گیا ہے، جس سے خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گرمی کی شدت، تیز دھوپ اور سہولیات کی کمی نے مستحق خواتین کے لیے مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ عوامی حلقوں نے بتایا کہ پہلے یہ سینٹر ڈپٹی کمشنر لسبیلہ کے دفتر کے سبزہ زار میں قائم تھا، جہاں نہ صرف درختوں کی چھاؤں بلکہ بیٹھنے اور واش رومز جیسی بنیادی سہولیات بھی موجود تھیں، جس سے خواتین کو آسانی رہتی تھی۔مگر موجودہ مقام پر نہ سایہ ہے، نہ پانی، نہ بیٹھنے کی جگہ، جس کے باعث بزرگ خواتین، بیمار اور دور دراز سے آنے والی خواتین سخت اذیت میں مبتلا ہو رہی ہیں اوتھل کے عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام، بالخصوص ڈپٹی کمشنر لسبیلہ محترمہ حمیرا بلوچ اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے صوبائی و مرکزی ذمہ داران سے مطالبہ کیا ہے کہ BISP سینٹر کو فوری طور پر دوبارہ ڈپٹی کمشنر آفس کے سبزہ زار میں منتقل کیا جائے تاکہ خواتین کو بنیادی سہولتیں دوبارہ میسر آ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں