صحبت پور گرڈ اسٹیشن کے احاطے میں 132kv ٹاور گرگیا،صحبت پور گرڈاسٹیشن کو بجلی کی فراہمی معطل

کوئٹہ(این این آئی)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو)کے ترجمان نے کہاہے کہ گزشتہ روزشدیدبارش اورطوفانی ہواؤں کے باعث 132Kvصحبت پور گرڈاسٹیشن کے احاطے میں 132Kvکاایک ٹاورگرگیاجس سے صحبت پور گرڈاسٹیشن کو بجلی کی فراہمی معطل ہوئی،بارش کی وجہ سے صحبت پور گرڈاسٹیشن میں بھی پانی جمع ہوگیابعد ازاں کیسکوٹیموں نے نکاسی آب کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کردیا۔ترجمان نے کہاکہ اس گرڈاسٹیشن سے منسلک مختلف علاقوں میں تقریباً22ایچ ٹی کے کھمبے بھی گرگئے ہیں۔ ترجمان نے مزیدکہاکہ کیسکوٹیموں نے صحبت پور گرڈاسٹیشن کے گرے ہوئے ٹاورکی تنصیب اور مرمت کاکام ہنگامی بنیادوں پرشروع کردیاہے اورتوقع ہے کہ جلد ازجلد صحبت پور گرڈاسٹیشن کے گرے ہوئے ٹاورکی مرمت،تنصیب وبحالی کاکام مکمل کرکے صحبت پورگرڈاسٹیشن اوراس سے منسلک تمام فیڈروں کی بجلی بحال کردی جائے گی۔تاہم کیسکونے بارشوں سے متاثرہ علاقوں کے صارفین سے بجلی بند ش پر زحمت کیلئے معذرت اورتعاون کی اپیل کی ہے۔دریں اثناء کیسکوترجمان نے کہاکہ گزشتہ روزنامعلوم افرادنے مسلم باغ کے قریب 33Kvنسائی فیڈرکے 50کھمبوں کے کنڈکٹرز کاٹ کر چوری کرلئے۔ جس کے نتیجے میں اس لائن سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ ترجمان نے مزیدکہاکہ مذکورہ سائٹ کا معائنہ کیلئے کیسکوٹیم کام کررہی ہے جواس لائن سے منسلک کھمبوں کے سامان سمیت کنڈکٹرز اور تاروں کی مدمیں نقصانات کا جائزہ لیں گے۔واضح رہے کہ ایک منظم گروہ صوبہ کے مختلف علاقوں میں بجلی کی مین ٹرانسمیشن لائن سے کنڈکٹرزکے سپین اورٹاوروں کے بریس پٹی وغیرہ نکال کر چوری کررہے ہیں جس کیلئے کیسکونے اپنے تمام صارفین سے اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ اس طرح کے واقعات کی اطلاع فوراً متعلقہ پولیس اورکیسکودفترکو دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں