کوئٹہ(این این آئی)کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان ایک روزہ دورے پر قلعہ عبداللہ پہنچ گئے کے ہمراہ ڈائریکٹر ڈوپلیمنٹ کوئٹہ ڈویژن ظہور احمد بھی موجود تھے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس میں ترقیاتی منصوبوں اور دیگر معاملات کے بارے میں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ ریاض احمد داوڑ نے ضلع میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کی پیش رفت اور فنڈز کے حوالے سے اقدامات کے حوالے سے تفصیلا آگاہ کیا۔اجلاس میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اس کے علاؤہ کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی معائنہ کیا اور اس موقع پر انہیں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلا بریفنگ دی گئی۔ ان ترقیاتی منصوبوں میں آب نوشی،سڑکوں کی تعمیر اور عوامی فلاح وبہبود شامل ہیں۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے اس موقع پر خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیار کے مطابق تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اس کے علاوہ اجتماعی نوعیت کے ترقیاتی منصوبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔ عوام کے دیرینہ مسائل،پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور سڑکوں کی بہتری کے حوالے سے اقدامات پر زور دیا جائے انہوں نے کہا کہ دور دراز کے علاقوں میں صحت اور تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے اس حوالے سے منصوبوں کو جلد از جلد تکمیل کو ممکن بنایا جائے تاکہ عوام کو ان منصوبوں سے استفادہ حاصل کرسکے۔دورے کے موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ اور ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ ریاض احمد داوڑ نے درخت لگا کر ضلعے میں شجرکاری مہم کا بھی باقاعدہ افتتاح کیا۔

