کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز کا روز اول سے ہی یہ نصب العین ہے کہ تحقیقی اورجدید تعلیمی سرگرمیوں کو طلباء کے تدریسی عمل کا بنیادی جز بنایا جائے تاکہ وہ معاشرے کی بہتری کیلئے اپنی تحقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے رہیں ان خیالات کا اظہارر وائس چانسلربیوٹمزپروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے بیوٹمز اورمیزان بینک کے درمیان باہمی مفاہمت کی یاد داشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے کیا۔بیوٹمز کی جانب سے وائس چانسلربیوٹمز پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ اورمیزان بینک لمیٹڈکی جانب سے (SCD)کاشف نثارنے یاداشت پر دستخط کیئے۔پرووائس چانسلر بیوٹمز پروفیسر ڈاکٹر میر وائس کاسی، رجسٹرار بیوٹمز ڈاکٹر احسن اچکزئی،ڈین فیکلٹی آف منیجمنٹ سائنسز ڈاکٹرسید منور شاہ،ڈاکٹر بلال سرور ڈائریکٹر کوالٹی اورمیزان بینک لمیٹڈکے وفد سمیت جامع کے سینئر اساتذہ نے تقریب میں شرکت کی۔وائس چانسلر بیوٹمز پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ کا مزیدکہنا تھا اس معاہدہ کے تحت مستقبل میں طلباء کو اور سہولیات بھی فراہم کی جائینگی جس سے ادارے کی صلاحیتوں میں اضافہ اور نکھار متوقع ہے قبل ازیں وائس چانسلر بیوٹمزپروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے (SCD) کاشف نثارکی قیادت میں میزان بینک لمیٹڈ کے وفد کا بیوٹمز پہنچنے پر استقبال کیا اور بیوٹمز کے متعلق جامع بریفینگ دی،وفد نے بیوٹمز کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور اساتذہ، سنیئر حکام سے ملاقات کی۔ وفد نے جامع کی طرف سے طلباء اساتذہ اور دیگر ملازمین کو فراہم کی گئی سہولتوں کو سراہا۔

