امریکہ امن، باہمی احترام اور عالمی تعاون کے فروغ میں اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا،قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر

اسلام آباد /کوئٹہ(این این آئی)قائم مقام چیئرمین سینیٹ، سیدال خان ناصر نے امریکہ کے یومِ آزادی کے موقع پر امریکی حکومت، کانگریس اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ قومی آزادی، آئین کی بالادستی اور جمہوری اداروں کا استحکام ہر قوم کی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہوتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکہ امن، باہمی احترام اور عالمی تعاون کے فروغ میں اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط، اقتصادی تعاون، سائنسی و تکنیکی اشتراک اور عوامی سطح پر روابط کو مزید وسعت دینے کی گنجائش موجود ہے۔سیدال خان ناصر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان باہمی اعتماد، مشترکہ مفادات اور تعمیری مکالمے کی بنیاد پر امریکہ کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے لیے ترقی، خوشحالی اور نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔انہوں نے امریکہ کے عوام کے لیے امن، خوشحالی اور مسلسل ترقی کی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان باہمی تعاون، عالمی امن اور پائیدار استحکام کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں