پہلگام واقعے پر بھارت کا جھوٹا بیانیہ کامیاب نہیں ہونے دیا،پانی روکنا جنگ کے مترادف ہوگا، اسحق ڈار

اسلام آباد(این این آئی)نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت شکست تسلیم نہیں کرپارہا، پاکستان نے پہلگام واقعے پر جھوٹا بیانیہ کامیاب نہیں ہونے دیا، اگر پانی روکاگیا تو یہ جنگ کے مترادف ہوگا۔منگل کواسحق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم کے موقع پر کوالالمپور میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عسکری سطح پر جنگ بندی برقرار ہے، مگر بھارت کی سیاسی قیادت کو شکست ہضم نہیں ہو رہی ہے۔انہوں نے واضح کیاکہ بھارت نہ پاکستان کا پانی روک سکتا ہے اور نہ اس کا رخ موڑ سکتا ہے، اگر بھارت نے پاکستان کا پانی بند کیا تو یہ جنگ کے مترادف ہوگا۔وزیر خارجہ نے انکشاف کیا کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ ہوا، واہگہ بارڈر کی بندش، بھارتیوں کے ویزے منسوخ اور فضائی حدود کی بندش جیسے اقدامات اسی حکمت عملی کا حصہ تھے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے اس بار بھارت کا بیانیہ کامیاب نہیں ہونے دیا، بھارت نے ماضی میں بھی پلوامہ جیسے جھوٹے الزامات لگائے اور اب پہلگام واقعے پر بھی جھوٹ پھیلانے کی کوشش کی تاہم پاکستان نے عالمی سطح پر موثر سفارت کاری سے بھارتی بیانیے کو مسترد کرایا۔وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان نے مشکل ترین حالات میں معاشی ٹیک آف کیا، مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں واضح کمی آئی اور پاکستان کو جی20میں شامل کرنا ہمارا ہدف ہے۔علاوہ ازیں کوالالمپور میں اسحاق ڈار کی ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم سے بھی اہم ملاقات ہوئی، وزیر خارجہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نیک خواہشات پہنچائیں اور آسیان کے چیئر کے طور پر ملائیشیا کی قیادت کو سراہا۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف عسکری سطح پر دشمن کے عزائم ناکام بنائے بلکہ سفارتی محاذ پر بھی موثر حکمت عملی سے دنیا کو بھارت کی فاشسٹ پالیسیوں سے آگاہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں