صدر مملکت اوروزیر اعظم کی ملاقات،ملکی استحکام، ترقی اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(این این آئی)صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیر اعظم شہباز شریف نے ملاقات کی،جس میں ملکی استحکام، ترقی اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔تفصیلات کے مطابق صدر آصف علی زرداری سے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ملاقات میں وفاقی وزراء برائے دفاع خواجہ آصف، منصوبہ بندی احسن اقبال، قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، محسن نقوی اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور رانا ثناء اللہ خان موجود تھے۔ملاقات میں ملک کی سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ملک میں امن و امان کی صورتحال اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔وزیر اعظم نے معیشت کی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات سے صدر مملکت کو آگاہ کیا۔ملاقات میں ملکی استحکام، ترقی اور خوشحالی کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں