کوئٹہ (این این آئی)چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت اجلاس میں محکمہ تعمیرات و مواصلات اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی سالانہ کارکردگی، مختص بجٹ، اخراجات کا موازنہ اور فنڈز کے مؤثر استعمال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے بتایا کہ مالی سال 25- 2024 میں صوبے میں کل 927 ترقیاتی منصوبے مکمل کئے گئے جن میں (1328 کلومیٹر کے ساتھ 539 سڑکیں شامل ہیں۔ سب انجنئیرز کی 261 پوسٹیں BPSC کو دی گئی ہیں تاکہ میرٹ پر موزوں امیدواروں کا انتخاب کیا جا سکے۔ محکمہ میں غیر ضروری پوسٹیں ختم کر دی گئیں جن سے سالانہ 1.638ارب روپے کی بچت ہوگی۔ اسی طرح محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں مالی سال 2024-25 میں واٹر سپلائی کی 843 سکیمیں کامیابی کے ساتھ مکمل کی گئیں، جن میں 431 نئی سکیمیں اور 412 جاری سکیمیں شامل ہیں۔ فیز-I کے تحت موجودہ واٹر سپلائی سکیموں کی سولرانرجی پر منتقل ہو چکی ہے۔ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں 4 RO واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب مکمل ہوچکی ہے اور صوبے بھر میں 100 غیر فعال واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بحال کئے گئے۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوتے ہیں جس سے عوام کو بہتر اور بنیادی سہولیات میسر آتی ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے معاشی سرگرمیاں بڑھتی ہیں، جس کی وجہ سے غربت، بے روزگاری میں کمی آتی ہے، لوگوں کے معیار زندگی میں بہتری آتی ہے اور مجموعی ترقی ممکن ہوتی ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو معاشی، معاشرتی اور بنیادی سہولیات میں بہتری کا موقع ملتا ہے جو ان کی زندگیوں کو خوشحال بناتا ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار پر کسی طرح کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں کے ثمرات جلد سے جلد عوام تک پہنچائے جائیں۔

