قبائلی و مقامی تنازعات کا حل قانون، انصاف اور باہمی احترام کی بنیاد پر ہونا چاہیے،سردار عبدالرحمن کھیتران

بارکھان (این این آئی) بارکھان صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، سردار عبدالرحمن کھیتران نے یونین کونسل صدر کا دورہ کیا اور سید برادری اور زکوانی برادری کے مابین جاری اراضی تنازع کے حل کے سلسلے میں جائے وقوعہ کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورے کے موقع پر صوبائی وزیر نے دونوں فریقین کی موجودگی میں متنازعہ اراضی کا جائزہ لیا اور متعلقہ عمائدین و نمائندگان کے موقف تفصیل سے سنے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ قبائلی و مقامی تنازعات کا حل قانون، انصاف اور باہمی احترام کی بنیاد پر ہونا چاہیے تاکہ علاقے میں پائیدار امن و امان اور سماجی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جا سکے۔صوبائی وزیر نے حقائق، دستیاب ریکارڈ اور مقامی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے موقع پر فیصلہ صادر کیا، جسے دونوں برادریوں نے قبول کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ فریقین نے صوبائی وزیر کی بروقت اور منصفانہ اقدام پر شکریہ ادا کیا۔حکومت بلوچستان عوامی مسائل کے حل اور مقامی سطح پر تنازعات کے پرامن تصفیے کے لیے موثر اقدامات جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں