قلات،بس پر دہشت گردوں کی فائرنگ وحشیانہ،قابل نفرت عمل ہے،رکن اسمبلی میر عبیداللہ گورگیج

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور بلوچستان اسمبلی کے فعال رکن میر عبید اللہ گورگیج نے قلات کے علاقے نمرغ میں کراچی سے کوئٹہ آنے والی مسافر کوچ پر دہشتگردوں کی اندھا دھند فائرنگ کو ایک وحشیانہ، قابلِ نفرت اور قومی سلامتی پر حملہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔اپنے بیان میں میر عبید اللہ گورگیج نے کہا کہ نہتے، معصوم اور بے قصور شہریوں کو خون میں نہلانا محض دہشتگردی نہیں بلکہ انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے جسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحے میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہر باشعور پاکستانی کے دل کو زخمی کر گیا ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ بزدلانہ حملہ دراصل ملک کے امن، استحکام اور بین الصوبائی ہم آہنگی کو سبوتاڑ کرنے کی ناپاک سازش ہے۔ دہشتگرد عناصر بلوچستان میں جاری تعمیر و ترقی کے عمل کو روکنے کے لیے ایسے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں، لیکن وہ اپنے ناپاک مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔میر عبید اللہ گورگیج نے مزید کہا کہ دشمن اب شناخت کے بجائے ہر پاکستانی کو نشانہ بنا رہا ہے، جس سے یہ بات روزِ روشن کی طرح عیاں ہے کہ یہ جنگ کسی ایک علاقے یا قوم کے خلاف نہیں بلکہ پورے پاکستان کے خلاف اعلانِ جنگ ہے۔ انہوں نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے۔انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے حکومتِ بلوچستان سے اپیل کی کہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں، اور متاثرہ خاندانوں کو مکمل مالی و نفسیاتی معاونت دی جائے۔میر عبید اللہ گورگیج نے کہا کہ ہم سب کو مل کر اس فتنے کے خلاف قومی یکجہتی، اتحاد اور باہمی بھائی چارے کے جذبے سے لڑنا ہوگا تاکہ پاکستان کو امن، سلامتی اور ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں