کوئٹہ(این این آئی)پاکستان غریبوں کی پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹرقاسم بلوچ نے وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول 5.36روپے، ڈیزل 11.37روپے مہنگا کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے ظالمانہ بجٹ کے بعد عوام پر پیٹرول بم بھی گرا دیا، عوام کو ریلیف دینے کے نعرے لگانے والی حکومت غریبوں اور تنخواہ دار طبقے سے جینے کا حق بھی چھین لینا چاہتی ہے، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور ٹیکسوں کی بھر مار نے پہلے ہی عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ڈاکٹرقاسم بلوچ نے کہا کہ۔ بجلی و گیس کے بھاری بلوں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث عوام کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنے ناممکن ہو تے جارہے ہیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے دیگر اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی اور مہنگائی کا طوفان آجائے گا حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا عوام دشمن اور ظالمانہ فیصلہ واپس اور پیٹرولیم لیوی کم کرے پیٹرول، بجلی، گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اورمہنگائی کے باعث عوام کو درپیش مشکلات و پریشانیوں کی ذمہ داری حکمران پارٹیوں پر بھی عائد ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ اور سابقہ حکومتوں کی اقتصادی اور معاشی پالیسیاں آئی ایم ایف اور عالمی مالیاتی اداروں کی غلامی اور ڈکٹیشن قبول کرنے کی سوا کچھ نہیں ملک اور قوم کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں گروی رکھ دیا گیاہے، بیرونی قرض لینے میں کوئی حکومت پیچھے نہیں رہی، حکمران ٹولے نے اس قرض کو اپنی شاہ خرچیوں اور عیاشیوں پر لٹایا اور ملک کے بچے بچے کو قرضوں میں جکڑ دیا آج بھی ہمیشہ کی طرح حکمرانوں کے بجائے ساری قربانیاں عوام سے لی جا رہی ہیں۔ بجلی، گیس، پیٹرول سمیت ہر چیز مہنگی کر دی گئی ہے، حکومت کی نا اہلی اور شوگر مافیا کے باعث ملک میں چینی کا بحران اور چینی کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں ملک اور قوم کو مسائل اور موجودہ معاشی بحران سے ایک ایسی ایماندار اور دیانت دار قیادت ہی نجات دلا سکتی ہے۔

