بلوچستان کو مکمل طور پر نظرانداز کر دیا گیا، وفاقی وزارت سمندر پار پاکستانیوں کی بھرتیوں میں بلوچستان کا حصہ ”صفر ہے،سینیٹر شکور خان اچکزئی

کوئٹہ(این این آئی) سینیٹ آف پاکستان کے اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام کے رہنماء سینیٹر شکور خان اچکزئی نے وفاقی وزارت سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے بلوچستان کو بھرتیوں میں مکمل طور پر نظرانداز کیے جانے کو ریاستی ناانصافی قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا۔ انہوں نے کہا کہ ”بلوچستان کے ساتھ سوتیلا سلوک بند کیا جائے، یہ رویہ اب ناقابل برداشت ہو چکا ہے۔ وفاقی حکومت کا رویہ مسلسل غیر سنجیدہ ہے، جس کے نتیجے میں بلوچستان کو ہر اہم قومی عمل سے باہر رکھا جا رہا ہے۔”انہوں نے مزید کہا:”ایسا معلوم ہوتا ہے کہ وفاق کی نظر میں بلوچستان گویا کوئی بوجھ ہے۔ وزارت سمندر پار پاکستانیوں کی بھرتیوں میں بلوچستان کا حصہ ‘صفر’ ہے، جیسے یہاں بے روزگاری نام کی کوئی چیز موجود ہی نہیں۔”انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ امتیازی رویہ نہ صرف آئین اور انصاف کے منافی ہے بلکہ وفاق کی وحدت کو کمزور کرنے کی سازش کے مترادف ہے۔ سینیٹر شکور خان نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے پر فوری وضاحت دی جائے، بلوچستان کو اس کا جائز حصہ دیا جائے اور مستقبل میں اسے نظرانداز کرنے کی روش بند کی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں