تفتان (این این آئی) پاک افغان سرحد پر نوجوان کی ہلاکت کے خلاف نوکنڈی میں شدید احتجاج، آر سی ڈی شاہراہ بند، ضلع چاغی کے مختلف علاقوں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال نوکنڈی میں پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کی مبینہ فائرنگ سے نوجوان ڈرائیور کی ہلاکت کے خلاف شدید عوامی احتجاج جاری ہے۔ مظاہرین نے مقتول کی میت کے ہمراہ آر سی ڈی شاہراہ کو بند کر دیا، جس کے باعث تجارتی قافلے اور مسافر گاڑیاں کئی گھنٹوں سے پھنس گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق، نوجوان بارڈر عبور کرنے کی کوشش میں تھا جب اسے گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔ واقعے پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور مظاہرین واقعے میں ملوث اہلکاروں کی فوری گرفتاری اور سزا کا مطالبہ کر رہے ہیں۔بڑیچ پینل کے بانی حاجی عرض محمد بڑیچ نے مظاہرین سے ملاقات کی اور پْرامن احتجاج کی اپیل کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ انصاف کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔ ان کی اپیل پر مقتول کی تدفین عمل میں لائی گئی، تاہم دھرنا بدستور جاری ہے۔آر سی ڈی شاہراہ کی بندش سے روزمرہ زندگی مفلوج ہو چکی ہے۔ مسافر اور ٹرک ڈرائیور شدید پریشانی کا شکار ہیں جبکہ تجارتی سرگرمیاں معطل ہو چکی ہیں۔ مقامی رہنماؤں اور انتظامیہ کی مظاہرین سے مذاکرات کی کوششیں جاری ہیں مگر تاحال کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔ادھر ضلع چاغی کے مختلف علاقوں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی، بیشتر دکانیں بند رہیں، صرف میڈیکل اسٹورز اور سبزی فروشوں کی چند دکانیں کھلی رہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی اقدامات کیے، اور کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی

