کوئٹہ (این این آئی) خانوادہ رسالت کی دشت کربلا میں انمول اور لازوال قربانیوں کو سپاس عقیدت پیش کرنے کے لیے عشرہ بیمار کربلا کی مجالس اور ماتمی جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے علمائے کرام واعظین و ذاکرین حق و صداقت کی سربلندی کے لئے اولاد رسول اور باوفا اصحاب و انصار حسینی کی سیرت و کردار کو اجاگر کررہے ہیں۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے ترجمان لسان تحریک طارق جعفری نے کہا کہ میدان کربلا میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے جانثاران مظلوم کربلا نے حق و باطل کی معرکہ آرائی میں فتح و شکست کا پیمانہ بدل کر ثابت کر دیا کہ باطل کثرت میں کیوں نہ ہو اور حق والے تعداد میں قلیل ہی کیوں نہ ہوں وہ کبھی باطل کے سامنے سر نہیں جھکاتے اور حقیقی فتح حق کی ہی ہوتی ہے۔ انہوں نے باور کرایا کہ شجاعت حیدری کے وارث حضرت عباس علمدار نے لاکھوں باطل پرستوں کی فوج کا بے جگری سے مقابلہ کر کے اپنے دونوں بازو کٹوا کر تا قیامت بیعت کا گلا کاٹ دیا۔ طارق جعفری نے یہ بات زور دے کر کہی دنیا میں جہاں بھی باطل سر اٹھائے گا وہاں توحید و رسالت و ولایت کے امین حسینی پیروکار قیام کر کے فسق و فجور کو نابود کر دینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پنجتن پاک کا فیضان ہے لہذا امریت و ملوکیت کے دلدادہ اسے ہرگز نقصان نہیں پہنچا سکیں گے کیونکہ شہادت حسین کے بعد بیمار کربلا حضرت امام زین العابدین اور کربلا کی شیر دل خاتون حضرت زینب بنت علی نے اپنے دل ہلا دینے والے خطبات کے ذریعے دنیا کو حق کے لیے سینہ سپر ہونے کا عملی درس دیا یہی وجہ ہے اج پوری دنیا میں یا حسین کی صدا بلا تفریق مسلک و مکتب بلند ہو رہی ہے جو اتحاد و اخوت اور امن و آشتی کا عالمگیر پیغام ہے جسکے فروغ کا دوسرا نام عزاداری ہے جسمیں تمام باضمیر انسان بھرپور شرکت کرتے ہیں عالمی عشرہ بیمار کربلا شہادت امام ذین العابدین کے موقع پر منعقد ہونے والی مجالس عزا اور جلوسوں کے موقع پر سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کئے جائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ موسس عزائے جنت البقیع قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے اصولوں پر عمل کرے ہوئے محبان دین و وطن اپنا سب کچھ قربان کر سکتے ہیں مگر عقیدے اور پاکستان پر ہرگز کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔

