دالبندین میں منشیا ت فروشوں اور منشیات استعمال کرنے والوں کے خلاف کاروائی خوش آئند ہے،شہری حلقے

دالبندین(این این آئی)دالبندین کے باشعور شہریوں، عمائدین، اساتذہ اور طلباء نے منشیات کے خلاف دوبارہ مہم شروع کرنے کی پرزور اپیل کی ہے۔ اس حوالے سے سابق ایس پی چاغی کی کامیاب کارروائیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جنہوں نے ڈی ایس پی عابد شیرزئی اور ایس ایچ او کے ساتھ مل کر دالبندین کے مختلف علاقوں میں سرگرم منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کیں۔ماضی میں منشیات فروشوں نے خفیہ “پڑھیوں ” کے ذریعے نشہ آور اشیائکی ترسیل جاری رکھی ہوئی تھی، جس کے نتیجے میں کئی نوجوان نشے کی لت میں مبتلا ہو چکے تھے۔ تاہم پولیس کی بھرپور کوششوں سے متعدد منشیات فروش گرفتار ہوئے، ان کے اڈے ختم کیے گئے اور جو باقی رہ گئے وہ بھی خوف و دباؤ کا شکار ہو گئے۔اس مہم کے دوران نشے کے عادی افراد کو علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کیا گیا، جہاں ان کی بحالی ممکن ہوئی۔ ان افراد کی صحتیابی کی خوشی میں گورنمنٹ ڈگری کالج دالبندین میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں پولیس افسران، سول سوسائٹی اساتذہ، طلباء اور صحافیوں نے شرکت کی۔ تقریب میں پولیس کی کارکردگی کو سراہا گیا اور سابق ایس پی چاغی کو عوامی سطح پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ مہم علاقے کے نوجوانوں کے لیے امید کی کرن ثابت ہوئی تھی، جسے اب دوبارہ بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ شہریوں نے موجودہ ایس پی چاغی، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ ایکسائز سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مہم کو دوبارہ شروع کریں، خفیہ نیٹ ورکس کا خاتمہ کریں اور نشے کے عادی افراد کو دوبارہ علاج و بحالی کی سہولیات فراہم کریں۔ یہ اپیل کسی کے خلاف نہیں بلکہ ایک نیک مقصد کے لیے ہے، تاکہ نوجوان نسل کو منشیات کی تباہ کاریوں سے بچایا جا سکے اور وہ صحت مند اور روشن مستقبل کی طرف بڑھ سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں