کوئٹہ(این این آئی) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاکستان اورآذربائیجان کا تجارتی ریل رابطے مضبوط بنانے کیلئے ورکنگ گروپس کی تشکیل نہایت خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے وقت اور حالات تیزی سے بدل رہے ہیں کسی بھی ملک کے لئے معاشی استحکام کے بغیر آگے بڑھنا ممکن نہیں وقت کے ساتھ ساتھ پاکستان کے معاشی مسائل میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ایسے میں ہمیں برق رفتاری سے اپنی معیشت کو سنبھالا دینا ہوگا تیزی سے بدلتے ہوئے حالات کے پیش نظر ہمیں ریلوے کو ترقی دیتے ہوئے اسے جدید بنانے کیلئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہونا ہوگا پاکستان آذربائیجان کے ساتھ ریل کے ذریعے تجارتی روابط کے فروغ کو نہایت اہمیت دیتا ہے تمام تر کوشش کے باوجود حکومت تاحال چین کے علاوہ کسی اور ملک سے انوسٹمنٹ لانے میں کامیاب نہیں ہو سکی بیرونی سرمایہ کاری لانے کے لئے حکومتی کوششیں کافی نہیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار نے مزید کہا ہے کہ حکومت کو ملک میں انوسٹمنٹ لانے کے لئے سرمایہ کاری کے لئے ملکی ماحول کو سازگار بنانا ہوگا گزشتہ ایک برس میں بلوچستان اور خیبر پختون خواہ میں دہشتگردی میں بے انتہا اضافہ ہوا ہے ایسے حالات میں ملک میں انوسٹمنٹ لانا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے ملک میں امن و امان قائم کئے بغیر غیر ملکی سرمایہ کاری کا حصول ممکن دکھائی نہیں دیتا. سرمایہ کاروں کو بھاری ٹیکسوں میں چھوٹ دینے کے علاوہ سستی بجلی اور گیس فراہمی بھی یقینی بنانا ہوگی. پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے توانائی کے خوفناک بحران کا سامنا کر رہا ہے مرض بڑھتا گیا جوں جوں دوا کی کے مصداق بجلی اور گیس نایاب ہی نہیں انتہائی مہنگی بھی ہوتی گئی غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ میں بڑی رکاوٹ ملک کو درپیش سیاسی عدم استحکام بھی رہا. ان تمام اقدامات کو ملحوظ رکھے بغیر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری کے لئے راغب کرنا ممکن نہیں ہو گا۔

