نوجوان نسل کو موجودہ حالات میں رہنمائی کی اشد ضرورت،لکھاری قلم کے ذریعے بخوبی فراہم کر رہے ہیں،میمونہ حمزہ

کوئٹہ(این این آئی)حلقہ خواتین جماعت اسلامی شعبہ نشرو اشاعت کے زیر اہتمام خواتین کی تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کیلئے مضمون نویسی کا مقابلہ منعقد کیا گیا،جس میں بڑی تعداد میں خواتین نے حصہ لیا۔ مضمون نویسی کے مقابلے میں نگہت سلطانہ پہلی، راحیلہ رحمن دوسری اورجویریہ سلمان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔حلقہ خواتین جماعت اسلامی شعبہ نشرو اشاعت اسلام آبادنے مقابلہ مضمون نویسی کے انعام یافتگان کیلئے تقریب تقسیم انعامات و اسناد جامعہ تفہیم القرآن ایچ ایٹ میں منعقد کی گئی۔ تقریب کی مہمان خصوصی میمونہ حمزہ تھیں ان کے ہمراہ ڈاکٹر نوید اور ڈاکٹر رقیہ عباسی بھی موجود تھیں،شہناز رؤف نے مہمانوں کو گلدستے پیش کئے۔ مہمان خصوصی سمیت دیگر مہمانوں نے مقابلہ مضمون نویسی میں اول،دوم اور سوم آنے والی لکھاریوں نگہت سلطانہ،راحیلہ رحمن اور جویریہ سلمان کوانعامات دیئے اس موقع پر حسن کارکردگی اور بہترین کاوش پر بھی اسناد دی گئیں اور باقی افراد کو حوصلہ افزائی کے سرٹیفکیٹ دیئے گئے۔تقریب کا آغاز رمشہ سید نے سورہ قلم کی تلاوت سے کیا۔مہمان خصوصی ڈاکٹر میمونہ حمزہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ادب کی بنیاد سچائی پر ہوتی ہے اور لکھنے والوں پر بہت بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے آپ اپنے قلم کی طاقت سے معاشرے کو اٹھا بھی سکتے ہیں اور گرا بھی سکتے ہیں،آپ کے ہاتھ میں سچ کا پیمانہ ہے اسے بروئے کار لاتے ہوئے معاشرے کے بگاڑ کو سنوارنا ہوگا، لکھنے والے بہت حساس ہوتے ہیں، معاشرے کی پیچیدگیاں ان کے اندر ایک ابال پیدا کرتی ہیں، اس ابال کا تھمنے کی بجائے صفحہ قرطاس پر بکھرنا ضروری ہے۔ ڈاکٹر نوید بٹ نے لکھنے کی طرف آنے والے اپنے تجربے کو بیان کیاجبکہ ڈاکٹر رقیہ عباسی نے کہا کہ نوجوان نسل کو موجودہ حالات میں رہنمائی کی اشد ضرورت ہے اور یہ رہنمائی لکھاری اپنے قلم کے ذریعے بخوبی فراہم کر رہے ہیں، ضرورت نوجوان نسل کو ادب سے جوڑنے کی ہے اس ضمن میں اقدامات کرنے ہوں گے۔نگراں لاگرز اور کالم نگار حریم شفیق نے مقابلہ مضمون نویسی میں حصہ لینے والوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ آپ کوئی عام خواتین نہیں بلکہ بہت باصلاحیت ہیں آپ نے قلم کی طاقت کا استعمال کیا اللہ تعالیٰ کی طرف سے آپ کو جو صلاحیت ملی ہے اسے دین کی راہ میں استعمال کرتے ہوئے جہاد بالقلم کیلئے تیار ہو جائیں جماعت اسلامی رائٹرز فورم ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرتا ہے جہاں آپ اپنی چھپی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کر کے بہترین لکھاری بن سکتے ہیں۔تقریب کے اختتام پر نگران نشر و اشاعت حلقہ خواتین جماعت اسلامی اسلام آباد سعدیہ سیف نے دعا کروائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں