کوئٹہ(این این آئی)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے ترجمان نے کہاہے کہ ایک منظم گروہ 132Kv ٹرانسمیشن لائن پر لوہے کی زنجیر چین ڈال کر لائن ٹرپ کرتے ہیں جسکے نتیجے میں ٹرانسمیشن لائن کے کنڈکٹرز ٹوٹ کر گرجاتے ہیں۔ جسکے بعد یہی گروہ مذکورہ لائن کے کنڈکٹرز کاٹ کر چوری کرتے ہیں۔ ترجمان نے مزیدکہاکہ گزشتہ روز یعنی 20 اور 21 جولائی کے درمیانی شب بھی 132kv شیخ ماندہ – یارو ٹرانسمیشن لائن (ٹاور لوکیشن 68 تا ٹاور لوکیشن 73) سے تقریبا 4ہزار میٹرز کنڈکٹر کاٹ کر چوری کرلئے۔ اس تخریبی کارروائی کے دوران 132kv ٹرانسمیشن لائن کاایک ٹاور بھی گرگیا تاہم کیسکو نے مذکورہ واقعہ میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کیلئے متعلقہ پولیس اسٹیشن کو تحریری درخواست جمع کرادی ہے۔ ترجمان نے مزید کہاکہ متاثرہ ٹرانسمیشن لائن کے گرے ہوئے ٹاور کی دوبارہ تنصیب اور مرمت وبحالی کاکام ہنگامی بنیادوں پر شروع کردیاگیاہے۔ ترجمان نے کہاکہ اس سے قبل خضدارکے علاقہ میں 10جولائی کی رات 12بجے کے قریب 132kVسوراب-خضدار ٹرانسمیشن لائن کے گرے ہوئے ٹاورز چوری کرنے والے 2اشخاص بنام محمدعمرولد عبدالحفیظ اور محمدانورولد دُرمحمد ساکن کھٹان ضلع خضداربمعہ 2عدد موٹرسائیکل اورٹاورزکے بریس پٹیوں کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کر لئے جن کے خلاف مزیدقانونی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔علاوہ ازیں دشت کے علاقہ میں ایک بڑا تخریبی واقعہ رونما ہوا جسکے نتیجے میں چوروں نے ایک منظم طریقے سے کسی بڑی مشینری کے زریعے 132KVاسپلنجی گرڈ اسٹیشن کو بجلی فراہم کرنے والی ٹرانسمیشن لائن دشت-اسپلنجی کے 13 ٹاورز گرا کرکنڈکٹرز،سپین، انسولیٹرز، سکائی وائر اور بریس پٹیاں چوری کر کے لے گئے۔اور اس واقعہ کی ایف آئی لیویز اسٹیشن دشت میں درج کرا دی گئی واضح رہے کہ اس قسم کے واقعات کے بعد یہی منظم گروہ 132Kvٹرانسمیشن لائن کے گرے ہوئے ٹاورز سے بریس پٹی بھی نکال کرلے جاتے ہیں جس کی وجہ سے ٹاورزکے گرنے کاخدشہ درپیش رہتاہے۔ کیسکو نے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹرانسمیشن لائنوں سے سامان چوری کرنے والے گروہ کی نشاندہی کریں تاکہ اس قومی اثاثے کی حفاظت کو یقینی بنائی جاسکے۔

