کوئٹہ (این این آئی) موسس عزائے جنت البقیع قائد ملت جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے قائم کردہ عشرہ بیمار کربلا کی مناسبت سے حضرت امام زین العابدین کا یوم شہادت 25 محرم کو دنیا بھر کی طرح پورے پاکستان سمیت بلوچستان بھر میں مذہبی جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر تمام چھوٹے بڑے شہروں میں تابوت امام سجاد اور علم غازی عباس علمدار کے ماتمی جلوس برآمد ہوئے جن میں تمام مکاتب فکر کے پیروکاروں نے بھرپور شرکت کرکے اتحاد و اخوت کا عملی مظاہرہ کیا۔ بلوچستان بھر میں تابوت کے بڑے جلوس برآمد کیے گئے جن میں ماتمی عزاداروں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کرکے بارگاہِ رسالت و امامت میں پرسہ پیش کیا۔ غم گساروں نے ماتمداری اور زنجیر زنی کی اور بیمار کربلا کے مصائب پر سپاس تعزیت پیش کی۔ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے ترجمان لسان تحریک طارق جعفری نے کہا کہ حضرت امام زین العابدین اور سیدہ زینب بنت علی نے عزاداری قائم کر کے تاقیامت ظلم و ظالمین کے خلاف فکری انقلابوں کی بنیاد رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یزیدیت کے ایوان خطباتِ زینب و زین العابدین سیلرزہ براندام ہیں حسینیت تا ابد مظلومین کی پناہ گاہ اور منبع حریت ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر و فلسطین سمیت دنیا بھر میں جاری آزادی کی تحریکوں کاسر چشمہ کربلا ہے. اس موقع پر مختار فورس والینٹرز کے رضاکاروں، ابراہیم اسکاوٹس کے خدمت گاروں نے عزاداروں کے لئے خدمات سرانجام دیں جبکہ ایف سی پولیس اور مقامی انتظامیہ کے اہلکار بھی جلوس کے ہمراہ ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیے

