کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ ترقی نسواں اجلاس منگل کو چیئرمین فضل قادر مندوخیل کی زیرصدارت منعقد ہوا اجلاس میں خواتین کو کام کی جگہ پر ہراسانی سے تحفظ کے قانون پر غور و خوضاور ترمیمی مسودہ قانون 2025 پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ، راحیلہ حمید درانی، ربابہ خان بلیدی، شاہدہ روف، صفیہ بی بی، اور مینہ مجید بلوچ،سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، سیکرٹری ترقی نسواں سائرہ عطا، اور اسپیشل سیکرٹری عبدالرحمن نے شرکت کی۔ اراکین نے بل کی مختلف شقوں پر اہم تجاویز دیں۔ارکان نے محتسب کے دفتر کے معاون عملے کی تقرری کے طریقہ کار میں تبدیلی کی تجویزدی اورادارے کی خودمختاری اور مؤثر کارکردگی یقینی بنانے پر زوردیا۔ارکان نے کہا کہ ترمیم کا مقصد خواتین کے لیے محفوظ، باعزت اور مساوی کام کا ماحول فراہم کرنا ہے حکومت بلوچستان کا خواتین کو باوقار ماحول دینے کا پختہ عزم کررکھا ہے مسودہ قانون خواتین کے حقوق کے تحفظ اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی جانب اہم قدم ہے بلوچستان میں خواتین دوست ورک کلچر کی تشکیل کی طرف ایک مثبت پیش رفت ہے۔

