بلوچستان خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے سرگرم عمل ہے،عبدالخالق اچکزئی

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان میں خواتین کی فلاح و بہبود اور ان کی معاشی سرگرمیوں کو موثر اور دیرپا بنانے کے حوالے سے حکومت بلوچستان اور پیغام پاکستان کے اشتراک سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا سیمینار میں خواتین کی بڑی تعداد میں شرکت نے اس بات کا ثبوت دیا کہ ہمارے معاشرے کی خواتین کسی بھی معاشی معاشرتی و اصلاحی ترقی کے حوالے سے پیچھے نہیں اور وہ مستقبل میں آنے والے چیلنجز سے بخوبی اگاہ ہیں سیمینار میں اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق اچکزئی، ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی غزالہ گولہ، وفاقی وزیر عمران احمد شاہ، وفاقی وزیر وجیہہ قمر، سیکرٹری وومن ڈیویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سائرہ عطا، سی ای او پی اے ایف نادر گل بڑیچ پروجیکٹ ڈائریکٹر پی پی اے ایف ڈاکٹر عبدالرحمن خان شریک تھے۔ اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق اچکزئی نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی خواتین اپنے حقوق سے بخوبی آگاہ ہیں انہوں نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنانا نہایت ضروری ہے خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے حکومت بلوچستان موثر اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان خصوصی طور پر خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے اور اج کا سیمینار اور خواتین کی بھاری اکثریت اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان کی خواتین کسی سے پیچھے نہیں ہمارا مذہب اسلام جہاں زندگی کے تمام امور میں ہماری رہنمائی کرتا ہے اور مذہب اسلام خواتین کا سب سے بڑا علمبردار ہے اور جو حیثیت خواتین کو اسلام نے دی ہے اس کی مثال نہیں ملتی اس کے علاوہ دیگر مقررین نے بھی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کی معاشی سرگرمیوں کو اجاگر کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان خواتین کی فلا ح بہبود کے عمل کو جاری و ساری رکھے ہوئے ہے اور اس کے ثمرات جلد نمودار ہونا شروع ہو جائیں گے اور ہمارا صوبہ ان اقدامات کی بدولت ترقی کی راہوں پر رواں دواں ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں