جمہوری بالادستی وسائل کی منصفانہ تقسیم،تعلیم پر سرمایہ کاری و مثبت ترجیحات ہی خوشحال و باوقار سماج کو بروئے کار لاسکتی ہے،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

کوئٹہ(این این آئی)نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے رکن بلوچستان اسمبلی کلثوم نیاز بلوچ سمیت وفد کے ہمراہ گورنمنٹ جنرل محمد موسیٰ پوسٹ گریجویٹ کالج علمدار روڈ مری آباد اور گورنمنٹ گرلز کالج حسن موسیٰ علمدار روڈ مری آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دونوں تعلیمی اداروں کے انتظامی امور، تدریسی ماحول اور طلبہ کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان علی احمد لانگو، مرکزی کمیٹی کے رکن ڈاکٹر رمضان ہزارہ، ڈاکٹر نور بلوچ، مشکور انور اور دیگر رہنما و کارکنان بھی وفد کے ہمراہ موجود تھے۔اس موقع پر کالجوں کے پرنسپلز نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور وفد کو اداروں میں درپیش مسائل، بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی، جدید تعلیمی تقاضوں اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد نے تعلیمی اداروں کے مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیا اور اساتذہ و طلبہ سے گفتگو کی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی، شعور اور خوشحالی کی بنیاد ہوتی ہے، مگر افسوس کہ ملک میں حکمران طبقے نے تعلیم کو کبھی ترجیح نہیں بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک تعلیم، صحت اور انسانی ترقی کو ریاستی پالیسی کا محور نہیں بنایا جاتا، اس وقت تک معاشرے میں حقیقی تبدیلی ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام مؤثر سیاسی نمائندگی سے محروم ہیں،عوام کے مینڈیٹ کا احترام نہ ہونے اور انتخابی عمل میں مداخلت نے جمہوری ادارے کمزور کئے، جس کے منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی کے دور حکومت حکومت میں میرٹ کو مکمل فوقیت دی اور تعلیم کے شعبے میں عملی اصلاحات متعارف کرائیں گئے، نئے میڈیکل کالجز و جامعات قائم کئے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے وسائل عوام کی فلاح پر خرچ ہونے کے بجائے غلط ترجیحات کی نذر ہو رہے ہیں، جبکہ صوبے کے عوام آج بھی بنیادی ضروریات سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ پالیسی میں بنیادی تبدیلی، جمہوری بالادستی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور تعلیم پر بھرپور سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی اقتدار نہیں بلکہ مثبت اور پائیدار تبدیلی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور عوامی حقوق، جمہوریت، معیاری تعلیم اور سماجی انصاف کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ادارے بنانے میں سب کو کردار ادا کرنا چائیے۔اکیڈیمک اسٹاف کی اولین ترجیح معیاری تعلیم کو ممکن بنائے۔ہم سب بلوچستان کے روشن مستقبل کے لیے امید اور جدوجہد کا دامن کبھی نہ چھوڑیں۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے قاہدین کو ادارے کے میگزین پیش کئے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں