ڈیرہ اللہ یار (این این آئی) ایکسائز اینڈ اینٹی نارکوٹکس جعفرآباد نے ایک اہم کارروائی کے دوران منشیات کی اسمگلنگ ناکام بناتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی آئس برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر جاوید بلوچ نے انچارج نارکوٹکس انسپکٹر سیف اللہ سیال اور طالب حسین جمالی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایکسائز اینڈ اینٹی نارکوٹکس کو خفیہ اطلاع ملی کہ کار کے ذریعے منشیات کی بھاری کھیپ اسمگل کی جا رہی ہے، ایکسائز اینڈ اینٹی نارکوٹکس ٹیم نے سیف اللہ سیال کی سربراہی میں ڈیرہ اللہ یار میں قومی شاہراہ زیرو پوائنٹ کے مقام پر کرولا کار نمبر بی آر کے 452 کو روک کر تلاشی لی، دوران تلاشی کار کے خفیہ خانوں سے 20 کلو گرام آئس برآمد ہوئی جسکے بعد ٹیم نے کار کے ڈرائیور کو گرفتار کرکے گاڑی بھی تحویل میں لے لی، گرفتار ملزم محمد رمضان کا تعلق پنجاب کے شہر وہاڑی سے ہے، ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اس سے قبل بھی متعدد بار منشیات اسمگلنگ کا اعتراف کیا، انہوں نے کہا کہ برآمد منشیات کی مالیت اندرون ملک 3 کروڑ روپے جبکہ بیرون ممالک 70 کروڑ سے زائد ہے، آئس کے خلاف نصیرآباد ڈویژن میں پہلی بار بڑی کارروائی ہے، اس سے قبل بھی ایکسائز اینڈ اینٹی نارکوٹکس ٹیم جعفرآباد نے چرس اور دیگر نشہ آور چیزوں کے خلاف کارروائیاں کیں اور منشیات برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

