کوئٹہ(این این آئی) صوبائی مشیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی نسیم الرحمن ملا خیل نے 78 واں یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم آزادی محض ایک جشن نہیں بلکہ تجدید عہد وفا ہے جو ہمیں اپنے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے آزاد خدائے مملکیت کی شکل میں ہمیں دلایا صوبائی مشیر نسیم الرحمان ملاخیل نے کہا کہ وہ اس دن کی مناسبت سیبلوچستان سمیت پوری پاکستانی قوم کو یومِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ 14 اگست ہمارے اس خواب کی تعبیر ہے جو قائداعظم محمد علی جناح? اور ہمارے اسلاف نے قربانیوں، جدوجہد اور ایمان کی قوت سے پورا کیا۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ آزادی کی حفاظت اسی وقت ممکن ہے جب ہم متحد ہو کر اپنے وطن کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کریں۔بلوچستان ہمارے وطن کا قدرتی حسن اور وسائل سے مالا مال دل ہے۔ یہاں کے پہاڑ، ساحل، صحرا، معدنی خزانے اور زرخیز زمینیں نہ صرف پاکستان کی معیشت کا سہارا ہیں بلکہ یہ ہماری آنے والی نسلوں کا سرمایہ بھی ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی کے اس دور میں، ہمارا فرض ہے کہ ہم بلوچستان کے قدرتی ماحول اور وسائل کو محفوظ بنائیں تاکہ یہ روشنی، خوشحالی اور سرسبزی کی علامت بنے۔حال ہی میں “معرکہ حق” میں پاکستان نے دشمن کو ایک بار پھر واضح پیغام دیا کہ یہ قوم اپنی آزادی اور وقار کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کی شاندار حکمت عملی اور قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہونے والی یہ فتح ہماری قومی یکجہتی اور ایمان کی زندہ مثال ہے۔میں تمام اہلِ بلوچستان اور پاکستانی عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اس یومِ آزادی پر ہم یہ عہد کریں کہ ہم اپنے صوبے اور ملک کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک، سرسبز و شاداب اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے، اور ہر میدان میں اپنے وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں گے۔اللہ تعالیٰ ہمارے پیارے بلوچستان اور پاکستان کو امن، ترقی اور خوشحالی سے نوازے اور ہماری قربانیوں کو شرفِ قبولیت بخشے۔ آمین۔

