کوئٹہ(این این آئی)ایڈیشنل ڈائریکٹر ایم ایس ڈی ڈاکٹر یوسف نے کہا ہے کہ بلوچستان کے ڈسٹرکٹ میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے،رواں مالی سال کیلئے ادویات کی خریداری کا عمل بھی جلد شروع کیا جائے گا۔یہ بات انہوں نے پیر کویہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی، صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اورسیکرٹری صحت کی ہدایات کے مطابق مالی سال2024-25کی 99فیصد ادویات تمام ڈسٹرکٹ میں پہنچادی دی گئی ہیں صرف 4ڈسٹرکٹ نوشکی،آواران، چاغی اور شیرانی میں ادویات ابھی تک نہیں پہنچائی جاسکی ہیں جہاں آئندہ 2روز میں ادویات پہنچادی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ادویات ساز کمپنیوں کی جانب سے خریدی جانے والی ادویات ایم ایس ڈی پہنچائی گئیں جہاں سے تمام ڈسٹرکٹ کو ایم ایس ڈی نے ادویات کی فراہمی یقینی بنائی ہے۔انہوں نے کہا کہ مالی سال2024-25ء کیلئے ڈسٹرکٹ کیلئے جو ادویات خریدی گئیں تھیں انکی سپلائی تمام ڈسٹرکٹ کو مسلسل جاری ہے اور رواں مالی سال2024-25ء کیلئے بھی ادویات کی خریداری کو جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو حکومتی وژن کے مطابق ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔

