کوئٹہ (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن بلوچستان اسمبلی سردار عبیداللہ گورگیچ نے کہا کہ محدود وسائل میں رہ کر حلقہ پی بی 44 انتخاب میں اجتماعی کاموں کا جال بچھایا جا رہا ہے ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ جو وعدے کیے تھے ان کی تکمیل کے لئے کوشاں ہیں عوام بھی دیکھ رہے ہیں کہ ان کے بنیادی مسائل کو حل کیا جا رہا ہے محدود وسائل میں رہ کر حلقہ انتخاب میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جا رہا ہے جب تک عوام کے مسائل ختم نہیں ہو نگے جدو جہد جاری رہے گی ہمارے اکابرین نے ہمیں ہر وقت خدمت کا درس دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے حلقے میں وہ کام کر دکھائے ہیں جو ماضی میں صرف وعدوں تک محدود تھے حلقے میں بنیادی انفراسٹرکچر کی بحالی، سڑکوں کی تعمیر، اسکولوں اور ہسپتالوں کی بہتری، پینے کے صاف پانی کی فراہمیاور بجلی و گیس کے منصوبے برق رفتاری سے مکمل کئے جا رہے ہیں جو عوام سے محبت، خدمت کے جذبے اور ایماندار قیادت کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک عام آدمی کی زندگی میں آسانی پیدا نہ ہو، ترقی کے تمام دعوے بے معنی ہیں۔اسی لیے ہم نے ہر منصوبے میں عوامی مشاورت کو اولین ترجیح دی تاکہ علاقے کی اصل ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے منصوبے ترتیب دیے جا سکیں۔

