کوئٹہ(این این آئی)ایف آئی اے بلوچستان نے کوئٹہ اورچمن میں کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی اورغیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 6ملزمان کو گرفتار کرکے ملکی اورغیر ملکی کرنسی قبضے میں لے لی۔ترجمان ایف آئی اے بلوچستان نے بتایا کہ ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث نیٹ ورکس کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے ایف آئی اے بلوچستان نے کوئٹہ اورچمن میں مختلف کارروائیوں کے دوران حوالہ ہنڈی اور غیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 6ملزمان محمد ذکریا، ندا محمد، نذر جان, سعید خان, محمد یوسف اور عتیق کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے مجموعی طور پر 3 لاکھ روپے سے زائد پاکستانی روپے جبکہ غیر ملکی کرنسی کی مد میں 1000 اماراتی درہم، 51 ہزار جاپانی ین اور 101 امریکی ڈالر،1.7 ملین ایرانی اور 4470 افغانی بھی برآمد کرلئے۔ ترجمان نے بتایا کہ ملزمان سے حوالہ ہنڈی میں استعمال ہونے والے موبائل فونز، رجسٹرز اور دیگر شواہد بھی برآمدہوئے ملزمان حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث پائے گئے ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو تسلی بخش جواب نہ دے سکے ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

