کوئٹہ(این این آئی)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کے افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پرائس کنٹرول، تجاوزات، افغان مہاجرین اور ممنوعہ پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے امور پر غور کیا گیا۔اجلاس میں تمام ضلعی افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ممنوعہ پلاسٹک بیگز کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ افغان مہاجرین کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بھی موثر اقدامات کیے جائیں اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ چیکنگ کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کو گرفتار کیا جائے گا، ان کی دکانیں سیل کی جائیں گی اور ہر صورت میں سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

