کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پیر کو یہاں پاکستان میں یونیسف کی کنٹری ریپریزنٹیٹو پرنیلے آئرن سائیڈ نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کی، ملاقات میں بلوچستان میں پولیو کے خاتمے، روٹین ایمونائزیشن، تعلیم اور صحت کے شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موثر باہمی رابطہ کاری اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو مزید بار آور بنایا جائے گا یونیسف نے اس موقع پر محکمہ صحت بلوچستان کے اسٹاف کی تکنیکی معاونت اور استعداد کار بڑھانے کے لیے خصوصی تربیت فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر اصلاحات متعارف کروا رہی ہے انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے اور روٹین ایمونائزیشن کی مہم کو مزید موثر بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی پر عمل کیا جا رہا ہے اور پرائمری ہیلتھ کیئر کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے غیر معمولی وسائل مختص کیے گئے ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صحت و تعلیم کے شعبوں میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کے لیے کنٹریکٹ بھرتیوں کا عمل تیز رفتاری سے جاری ہے تاکہ عوام کو مقامی سطح پر سہولیات فراہم کی جا سکیں انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران صوبے میں 3200 بند اسکولوں کو دوبارہ فعال کیا گیا جبکہ رواں برس مزید 1200 نئے کمیونٹی اسکول قائم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے وزیر اعلیٰ نے عزم ظاہر کیا کہ سال کے اختتام تک بلوچستان میں کوئی بھی اسکول بند نہیں رہے گا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت سندھ سے ملحقہ اضلاع میں ممکنہ سیلابی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور بارڈر ایریاز میں پیشگی اقدامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ عوام کو قدرتی آفات کے نقصانات سے محفوظ رکھا جا سکے انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت صوبے میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اس سلسلے میں پہلا ویمن اکنامک امپاورمنٹ انڈومنٹ فنڈ قائم کیا جا چکا ہے جو خواتین کی معاشی شمولیت اور خود انحصاری کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے یونیسف کی جانب سے صحت و تعلیم سمیت بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی اداروں کی شراکت داری سے بلوچستان میں عوامی سہولیات کے منصوبے زیادہ مستحکم اور نتیجہ خیز بنائے جا رہے ہیں اس موقع پر یونیسف کی کنٹری ریپریزنٹیٹو پرنیلے آئرن سائیڈ نے کہا کہ یونیسف بلوچستان حکومت کے ساتھ مل کر صحت، تعلیم اور بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے تعاون جاری رکھے گا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں بچوں کی تعلیم، صحت اور تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے یونیسف ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا

