بلوچستان میں مرکزی تنظیم تاجران کے کابینہ کا اعلان جلد ہوگا، کاشف حیدری

کوئٹہ (این این آئی) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صوبائی ترجمان کاشف حیدری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کی صوبائی کابینہ کا باضابطہ اعلان بہت جلد کیا جائے گا جس میں صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے عہدیداران اور ذمہ داران کو شامل کیا جائے گا تاکہ بلوچستان کے تاجروں کو ایک منظم اور موثر پلیٹ فارم مہیا کیا جا سکے۔ یہ بات انہوں نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان ملک بھر کے تاجروں کی سب سے بڑی اور نمائندہ تنظیم ہے جو نہ صرف تاجروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کوشاں ہے بلکہ تجارتی سرگرمیوں کے فروغ، مسائل کے حل اور پالیسی سازی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے تاجر ہمیشہ سے ملک کی معیشت کی مضبوطی میں اپنا کردار ادا کرتے آئے ہیں، تاہم ماضی میں ان کے مسائل کو نظرانداز کیا جاتا رہا جس کی وجہ سے تاجر برادری میں بے چینی اور بداعتمادی پائی جاتی ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ صوبے بھر کے تاجروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے ان کے مسائل کو اجاگر کیا جائے اور حکومت تک ان کی آواز پہنچائی جائے۔ کاشف حیدری نے کہا کہ کابینہ کے اعلان کے بعد بلوچستان کے ہر ضلع میں ضلعی سطح کی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو مقامی تاجروں کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حل کے لئے صوبائی کابینہ سے براہِ راست رابطے میں رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کی پالیسی یہ ہے کہ تاجر برادری کو سیاسی اثر و رسوخ سے بالاتر رکھ کر صرف اور صرف ان کے کاروباری مسائل اور عوامی مفاد پر توجہ دی جائے تاکہ معاشی ترقی کی راہ ہموار ہو۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان بھر میں تاجر برادری مرکزی تنظیم پر مکمل اعتماد کرتی ہے اور کابینہ کے اعلان سے تاجروں میں نیا جوش و جذبہ پیدا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ تنظیم صوبے کے ہر ضلع اور ہر شہر میں تاجروں کو نمائندگی دینے کی خواہش مند ہے تاکہ کوئی بھی تاجر اپنے آپ کو تنہا یا محروم نہ سمجھے۔ کاشف حیدری نے واضح کیا کہ مرکزی تنظیم تاجران پاکستان بلوچستان کے تاجروں کی بھرپور نمائندہ آواز بنے گی اور آئندہ کا لائحہ عمل اسی سوچ کے تحت ترتیب دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں