کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے بلتستان کے علاقے میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ واقعے میں پاک فوج کے دو میجرز سمیت دیگر اہلکاروں کی شہادت پر انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا اور لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا سابق وزیر اعلی نواب ثناء اللہ خان زہری نے اپنے بیان میں کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ ملکی سلامتی، استحکام اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ دینے سے کبھی گریز نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلتستان میں پیش آنے والا یہ واقعہ انتہائی المناک ہے، اور پوری قوم اس غم میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ شریک ہے انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی تربیتی مشقیں ملک کے دفاعی نظام کا ایک لازمی حصہ ہیں، جن کا مقصد نوجوان افسران اور جوانوں کو ہنگامی حالات میں فوری ردعمل دینے کے لیے تیار کرنا ہوتا ہے۔ ان ہی مشقوں کے دوران پیش آنے والے اس حادثے میں شہید ہونے والے افسران اور اہلکار قوم کے بہادر سپوت تھے جنہوں نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ افواجِ پاکستان نہ صرف سرحدوں پر دشمن کا مقابلہ کرتی ہے بلکہ قدرتی آفات، زلزلے، سیلاب اور دیگر ناگہانی صورتحال میں بھی ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے۔ ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، اور پوری قوم کو اپنے ان سپوتوں پر فخر ہے۔

