کوئٹہ(این این آئی) کوئٹہ میں بی این پی کے جلسے کے بعد خود کش دھماکے کے 38زخمی سول ہسپتال کوئٹہ لائے گئے جن میں سے 6زخمیوں کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا۔ ترجمان سول ہسپتال وسیم بیگ کے مطابق شاہوانی گراونڈ سریاب خود کش دھماکے کے بعد سول ہسپتال میں کل 38زخمی سول ہسپتال شعبہ حادثات اور ٹراما سینٹرکوئٹہ لائے گئے جن میں سے 6زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ اسوقت سول ہسپتال کوئٹہ میں 9زخمی محمد یوسف،موسیٰ، اسحاق، محمد مراد، فرحان، عرفان، کلیم اللہ،نور محمد اور صادق سول ہسپتال کوئٹہ میں زیر علاج ہیں جبکہ باقی زخمیوں کو طبی امداد کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیاگیا۔انہوں نے بتایا کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں ڈاکٹروں نے بم دھماکے کے 6زخمیوں کے آپریشن کئے منیجنگ ڈائریکٹر ٹراما ڈاکٹر ارباب کامران کاسی اور ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر ہادی کاکڑ کی زیر نگرانی ٹراما سینٹر اور سول ہسپتال کوئٹہ کی پوری ٹیم نے تمام زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی بروقت اور مؤثر علاج پر ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر ہادی کاکڑ اور منیجنگ ڈائریکٹر ٹراما ارباب کامران نے ٹیم کی خدمات کو سراہا۔

