کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 7سے 10ستمبر کے دوران طوفانی بارشوں کے باعث طغیانی کی صورتحال پیدا ہونے امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے جنوب مشرقی، جنوبی اور شمال مشرقی علاقوں میں 7سے 10ستمبر تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے اس دوران حب، آوران، لسبیلہ، خضدار، جھل مگسی، نصیر آباد، اوستہ محمد، جعفر آباد، لہڑی، کچھی، بھاگ، ڈیرہ بگٹی، سبی، کیچ اور ساحلی علاقوں میں شدید بارشوں جبکہ بولان، سوراب، قلات، بارکھان، شیرانی، کوہلو، موسیٰ خیل، زیارت، ہرانی، لورالائی، ژوب اور گرد ونواح میں درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے باعث لسبیلہ، خضدار، آوران، حب،جھل مگسی، ڈیرہ بگٹی، ساحلی، شمال مشرقی علاقوں میں طغیانی کا خدشہ موجود ہے جبکہ تیز ہواؤں سے بھی نقصانات کا اندیشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے کسانوں، مسافروں کواحتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور متعلقہ اداروں کو پیش گی اقدامات اٹھانے کا الرٹ جار ی کردیا ہے۔

