لاہور ،قصور،کھڈیاں خاص،دیپالپور ، الٰہ آباد (نمائندگان دنیا،تحصیل رپورٹر، سپورٹس ڈیسک) قصور کے تھانہ الہٰ آباد کے علاقے مائی رابو میں ڈاکوئوں نے مزاحمت پر فائرنگ کرکے قومی کبڈی ٹیم کے کھلاڑی ناصر پہلوان کو قتل کردیا۔
ادھر وہاڑی میں کبڈی میچ کے دوران معروف کبڈی کھلاڑی ماکھا جٹ جہانیاں منڈی والا دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا۔ انٹرنیشنل کبڈی کھلاڑی ناصر اللہ المعروف ناصر پہلوان گزشتہ رات دیپالپور کے نواحی علاقہ حویلی لکھا سے کبڈی کھیل کر گاڑی پر گھر واپس جا رہا تھا کہ الہٰ آباد میں تین موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے رکنے کا اشارہ کیا،نہ رکنے پر گاڑی پر سیدھی گولیاں برسادیں اور فرار ہوگئے ۔ فرنٹ سیٹ پر بیٹھے ناصر پہلوان کی گردن میں گولی لگی، اسے شدید زخمی حالت میں لاہور منتقل کیا جارہاتھا کہ راستے میں دم توڑ دیا۔ ناصر پہلوان 3 بچوں کا باپ تھا۔ الٰہ آباد پولیس نے لاش کو پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے گاڑی ڈرائیور کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا۔ناصر پہلوان کھڈیاں خاص کی نواحی بستی باغبانپورہ کا رہائشی اور متعدد انٹرنیشنل کبڈی میچز میں ملک کی نمائندگی کرچکا تھا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں اور وفاقی وزیر مملکت ملک رشید احمد خاں نے کھڈیاں خاص کا دورہ کیا اور ناصر پہلوان کی نماز جنازہ میں شرکت کی، انہوں نے مقتول کے ورثاء سے اظہار تعزیت اور مغفرت کیلئے خصوصی دعا کی۔ ناصر پہلوان کو آبائی گائوں میں سپردخاک کردیا گیا۔ادھر سوشل میڈیا پر وہاڑی میں ہونے والے ایک کبڈی میچ کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک کھلاڑی کھیل کے دوران ہی اچانک نیچے گرجاتا ہے ، اس دوران باہر سے ساتھی کھلاڑی بھاگ کر اس کی جانب آتے ہیں۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ساتھی کھلاڑی ماکھا جٹ کو اٹھانے کی کوشش اور اسے سپورٹ فراہم کررہے ہیں ،تاہم ماکھا جٹ ایک بار اٹھنے کے بعد دوبارہ نیچے گرجاتا ہے ۔ابتدائی طور پرماکھا جٹ کو میچ کے دوران دل کا دورہ پڑا جس سے وہ گرگیا ، بعد ازاں اس کا انتقال گراؤنڈ میں ہی ہوگیا۔ماکھا جٹ کی نماز جنازہ آبائی علاقے جہانیاں میں ہی ادا کی گئی۔پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر شافع حسین اور سیکرٹری محمد سرور رانا کی جانب سے ماکھاجٹ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے ۔محمد سرور کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑی کے میدان میں انتقال پر بہت افسوس ہوا ، دعا ہے اللہ اہل خانہ کو صبر عطا فرمائے ۔

