لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پاکستان پہلی بار 17 سے 29 نومبر تک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل ٹرائی سیریز کی میزبانی کرے گا۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے علاوہ اس تین ملکی ٹورنامنٹ میں افغانستان اور سری لنکا بھی شامل ہوں گے ، یہ سیریز آئندہ سال بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل تمام ٹیموں کو قیمتی تیاری فراہم کرنے کے لیے منعقد کی جا رہی ہے ۔شیڈول کی تفصیل کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ میزبان ٹیم 17 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف سیریز کا آغاز کرے گی، یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ یہ پاکستان میں افغانستان کا پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل ہوگا۔پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ 19 نومبر کو سری لنکا اور افغانستان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں مدِ مقابل ہوں گے ، جب کہ ٹرائی سیریز کے باقی 5 ٹی ٹونٹی میچز، جن میں 29 نومبر کو فائنل بھی شامل ہے ، لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے ۔ٹرائی سیریز کے شیڈول کے مطابق 17 نومبر کو پاکستان اور افغانستان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں مد مقابل ہوں گے ، 19 نومبر کو سری لنکا اور افغانستان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں آمنے سامنے آئیں گے ۔ چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید نے کہا کہ ہم پاکستان کی پہلی ٹی ٹونٹی ٹرائی سیریز کے لیے سری لنکا اور افغانستان کی میزبانی کے منتظر ہیں۔

