شارجہ(سپورٹس ڈیسک)سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے افغانستان کو 75 رنز سے ہرا کر سیریز جیت لی ، محمد نواز نے آل راؤنڈر پرفارمنس دی۔پاکستان نے افغانستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔۔۔
اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 141 رنز بنائے اور 142 رنز کا ہدف سیٹ کیا تھا۔پاکستان کی جانب سے فخر زمان نے 27 اور کپتان سلمان علی آغا نے 24 رنز بنا ئے ۔افغانستان کے راشد خان نے 3، نور احمد اور فضل الحق فاروقی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔افغانستان کی ٹیم 16اوورکی 5ویں گیند پر66 رنز پر ڈھیر ہو گئی، کپتان راشد خان 17 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ صدیق اللہ 13 رنز بنا کر پویلین لوٹے ،ان دو کے علاوہ کوئی افغان بلے بازدوہرے ہندسے تک نہیں پہنچ سکا جبکہ 3کھلاڑی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹے ۔آل راؤنڈر محمد نواز نے میچ میں 25 رنز بنا ئے اور ساتھ ہی ہیٹ ٹرک سمیت 5 وکٹیں صرف 19 رنز کے عوض اپنے نام کر لیں،انہیں مین آف دی میچ کیساتھ پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔محمد نواز نے دو اوورز میں ہیٹ ٹرک مکمل کی، انہوں نے چھٹے اوور کی پانچویں گیند اور چھٹی گیند پر وکٹ حاصل کی اور پھر آٹھویں اوور کی پہلی گیند پر وکٹ حاصل کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کی ،وہ فہیم اشرف اور محمد حسنین کے بعد تیسرے پاکستانی باؤلر ہیں جنہوں نے ٹی 20کرکٹ میں ہیٹ ٹرک کی ہے ،سفیان مقیم اور ابرار احمد نے 2، 2 کھلاڑی آؤٹ کئے ۔

