ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ بلوچستان کی منشیات فروشوں کے خلا ف کارروائی، ملزم گرفتار

کوئٹہ(این این آئی) ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ بلوچستان نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کر دیا ہے۔ گزشتہ روز سیکرٹری ای ٹی این بلوچستان اور ڈائریکٹر جنرل ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس (نارتھ زون) کی خصوصی ہدایات پر ای ٹی او-IX کی ٹیم نے پشین اسٹاپ کوئٹہ میں ایک کامیاب خفیہ اطلاع پر مبنی آپریشن کیا۔ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران 900 گرام آئس (میٹھ ایمفیٹامین) برآمد کر لی گئی جبکہ ایک موٹر سائیکل بھی قبضے میں لے لی گئی۔ آپریشن میں ایک منشیات فروش کو موقع پر ہی گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا گیا۔ گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ اس کے دیگر نیٹ ورک اور سہولت کاروں تک بھی پہنچا جا سکے۔ترجمان نے بتایا کہ آپریشن کے دوران جدید آلات کی مدد بھی لی گئی، جس میں این ایل (INL) کے فراہم کردہ ہینڈ ہیلڈ رمن اینالائزر کا استعمال کیا گیا جس سے برآمد شدہ منشیات کا فوری اور حتمی تجزیہ ممکن ہوا۔ یہ جدید ٹیکنالوجی منشیات کی شناخت اور اس کی تصدیق میں مؤثر ثابت ہو رہی ہے۔ایکسائز حکام کے مطابق بلوچستان میں منشیات کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ایسے جرائم پیشہ عناصر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا جو نوجوان نسل کو منشیات کے زہر میں مبتلا کر رہے ہیں۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ معاشرے کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے حکومتی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں