واشک (این این آئی)جمعیت علماء اسلام کے رہنما رکن صوبائی اسمبلی حاجی میر زابد علی ریکی نے کہا کہ صحت کے شعبے میں خدمات سر انجام دینے والے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس حقیقی مسیحا ہیں۔ صحت کی سہولیات انسان کی اولین ضرورت ہیں، اور ہم سمجھتے ہیں کہ واشک جیسے پسماندہ ضلع کے ہر کونے، پہاڑی علاقوں اور تحصیلوں تک بنیادی صحت کی سہولیات پہنچانا وقت کی اہم ضرورت ہے،خواہش ہے کہ واشک کا کوئی بھی بچہ یا بچی تعلیم سے محروم نہ رہے۔ ہر بچہ اور بچی اسکول میں ہو، زیور تعلیم سے آراستہ ہو اور ایک روشن مستقبل کی طرف بڑھے۔یہ با ت انہوں نے بدھ کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال اور گورنمنٹ سیکنڈری ہائی اسکول ہیڈکوارٹر واشک کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے میڈیسن وارڈ کا افتتاح کیا اور وزیر صحت، سیکرٹری صحت اور اپنی کوششوں سے فراہم کی جانے والی لاکھوں کی ادویات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسپتال عملے کی حاضری رجسٹر بھی چیک کی اور پیرامیڈیکس و ڈاکٹرز سے ملاقات کی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر واشک ڈاکٹر محمد اکبر بلوچ نے کارکردگی اور مسائل سے متعلق بریفنگ دی۔انہوں نے کہابطور منتخب نمائندہ ہمیشہ میری کوشش رہی ہے کہ عوام کو علاج معالجے کی سہولت ان کی دہلیز پر میسر ہو۔ تعلیم اور صحت وہ دو شعبے ہیں جن میں بہتری لائے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ ہم نے ضلع ہیڈکوارٹر اسپتال واشک کو فعال بنایا ہے، جہاں اب مریضوں کا چیک اپ ہو رہا ہے، او پی ڈی چل رہی ہے اور لوگوں کو مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔حاجی میر زابد علی ریکی نے گورنمنٹ سیکنڈری ہائی اسکول ہیڈکوارٹر واشک کے دورے پر طلبہ سے ملاقات کی، کلاس رومز کا معائنہ کیا، اسکول اسٹاف سے ملے جبکہ پرنسپل قادر بخش بلوچ نے انہیں اسکول کے مسائل سے آگاہ کیا۔ ایم پی اے نے اساتذہ کی حاضری رجسٹرڈ چیک کئے اور تعلیمی ماحول کا جائزہ لیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے و خادم واشک حاجی میر زابد علی ریکی نے کہا کہ۔ تعلیم کے بغیر زندہ قوموں کی ترقی ممکن نہیں، اور یہی تعلیم ہی قوموں کی اصل پہچان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ واشک بلوچستان کا پسماندہ ترین ضلع ہے اور یہاں کے تعلیمی مسائل کو حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ میں ہر اسکول کا دورہ کروں گا، کلاس رومز کا معائنہ کروں گا اور بچوں اور بچیوں سے ملاقات کروں گا تاکہ براہِ راست ان کے مسائل جان سکوں۔ ہمارا مقصد یہی ہے کہ تعلیم کو فروغ دیا جائے اور آنے والی نسلیں ایک بہتر کل کی ضمانت بن سکیں۔

