تاریخی ہڑتال عوام کا نااہل حکمرانوں و وفاق کی ناروا پالیسوں کے خلاف عوامی ریفرنڈم ہے

کوئٹہ (پریس ریلیز) نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ آل پارٹیز کے زیر اہتمام پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتال بلوچستان کی تاریخ کی ایک یادگار اور کامیاب ترین ہڑتال تھی، جس نے حکمرانوں اور وفاقی پالیسی سازوں کو واضح پیغام دیا کہ بلوچستان کے عوام اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔بیان میں کہا گیا کہ عوام نے اس ہڑتال کے ذریعے نااہل حکمرانوں، وفاق کی ناروا اور جابرانہ پالیسیوں اور قومیتوں کے حقِ حاکمیت و خودمختاری پر قدغن کے خلاف بھرپور عوامی ریفرنڈم دیا ہے۔ یہ ہڑتال نہ صرف عوامی طاقت اور شعور کی عکاسی کرتی ہے بلکہ بلوچستان کے سیاسی مستقبل میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔مرکزی ترجمان نے کہا کہ نیشنل پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان نے بلوچستان بھر میں ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے کلیدی اور فعال کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا انتظامیہ کی جانب سے شیلنگ، دھونس، دھمکیوں اور گرفتاریوں کے باوجود کارکنان نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارٹی اور آل پارٹیز کی کال کو تاریخی کامیابی سے ہمکنار کیا۔ترجمان نے کہا کہ نیشنل پارٹی جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور ہمیشہ عوام کے بنیادی حقوق، قومی خودمختاری اور قومیتوں کی حقِ حاکمیت کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔ حکمرانوں کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ عوامی جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا، بلکہ جبر و طاقت کے ہتھکنڈے قومی شعور کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں