صحبت پور (نامہ نگار) ضلع صحبت پور میں محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے معذور افراد کے لیے ایک اہم مختصر تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مستحقین میں ویل چیئرز تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ چیئرمین بابے محمد علی کھوسہ اور سوشل ویلفیئر آفیسر محمد وسیم کھوسہ،یوسی چئیرمین حیرالدین میر ایاز احمد کھوسہ،چیف آفیسر ضلع کونسل محمد حسن بگٹی،شہری اتحاد کے صدر ایڈوکیٹ علی حسن کھوسہ،نورمصطفیٰ کھوسہ، نے خود اپنے ہاتھوں سے معذور افراد میں ویل چیئرز تقسیم کیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ چیئرمین بابے محمد علی کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد ہمارے معاشرے کا اہم اور لازمی حصہ ہیں، ان کی دیکھ بھال اور سہولت فراہم کرنا حکومت اور معاشرے کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ضلع صحبت پور میں معذور افراد کی تعداد خاصی زیادہ ہے، جس کے مقابلے میں ویل چیئرز اور دیگر سہولیات کی اشد ضرورت ہے۔بابے محمد علی کھوسہ نے حکومتِ بلوچستان، ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر اور بالخصوص وزیر اعلیٰ بلوچستان سے اپیل کی کہ ضلع صحبت پور کے معذور افراد کے لیے مزید ویل چیئرز اور ٹرائی موٹر سائیکلز فراہم کیے جائیں تاکہ یہ افراد بھی زندگی کی بنیادی سہولتوں سے بہ آسانی مستفید ہوسکیں اور باوقار زندگی گزار سکیں۔اس موقع پر معذوران ویلفیئر تنظیم کےعہدیداران نے صوبائی وزیر میر سلیم احمد کھوسہ اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر نے صحبت پور میں معذور افراد کے مسائل کو سنجیدگی سے لیا اور ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام معذور افراد کی معاشرتی شمولیت اور فلاح کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔

