کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہیکلزئی یارو میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کی کارکردگی کو سراہا ہے انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور عوام کو بڑے سانحے سے محفوظ رکھا وزیر اعلیٰ نے کہا ہیکلزئی یارو میں مارے گئے دہشت گرد مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے، جنہیں انجام دینے سے پہلے ہی کیفر کردار تک پہنچا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے قیام کے لئے سی ٹی ڈی اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی قربانیاں اور خدمات قابل تحسین ہیں انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو پرامن ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسی مقصد کے لئے تمام ادارے مربوط انداز میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام بھی دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنانے میں سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبے کے ہر کونے میں دیرپا امن کے قیام کے لئے اقدامات جاری رہیں گے اور دہشت گردوں یا ان کے سہولت کاروں کو قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بحالی امن کے لئے عوامی تعاون سب سے بڑی قوت ہے اور اسی تعاون کی بدولت بلوچستان کو پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ صوبہ بنایا جا رہا ہے۔

