مائیک ہیسن مضبوط بھارتی بیٹنگ لائن کے چیلنج کیلئے تیار

دبئی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان وائٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن میں موجود خامیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے کچھ روز قبل ہی دنیا کی بہترین سپننگ باؤلنگ کے خلاف 70 رنز سے میچ جیتا ہے ۔

ایشیا کپ میں پاکستان ٹیم کے پہلے میچ سے قبل دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن نئی ہے ، جسے بہتر بنانے میں مصروف ہیں، ہمارے پاس ایسے کئی پلیئرز موجود ہیں جو اپنے دن پر میچز جتوا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے ضروری یہ ہے کہ مجموعی طور پر کھلاڑی پرفارم کر کے ٹیم کو فتح دلائیں، اور بطور بیٹنگ لائن اپ ہمارے بلے بازوں نے حالیہ میچز میں اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائی ہیں۔مائیک ہیسن نے مزید کہا کہ سٹرائیک ریٹ اور ایوریج کوئی معنی نہیں رکھتی، اہمیت یہ رکھتا ہے کہ آپ ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا روایتی حریف بھارت اپنی پرفارمنس کی بنیاد پر بہت زیادہ پر اعتماد ہے ، اور انہیں ہونا بھی چاہیے ، تاہم پاکستان ٹیم ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتری کی جانب گامزن ہے ، ہم بھارتی کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کے بارے میں بخوبی جانتے ہیں، اور اس چیلنج کے لیے ہم تیار ہیں۔عمان کے خلاف شیڈول میچ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فائنل الیون کے حوالے سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ اگر ہمیں محسوس ہوا کہ پچ سپنر کو مدد فراہم کر رہی ہے تو ہمارے پاس سپن باؤلنگ میں کافی آپشنز موجود ہیں، اور اگر ایسا نہ ہو تو ہمارے پاس 5 فاسٹ باؤلرز بھی موجود ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان اور عمان کے درمیان ایشیا کپ کا مقابلہ آج دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔میچ پاکستانی وقت کیمطابق رات ساڑھے 7 بجے کھیلا جائیگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں