کوئٹہ(این این آئی) نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی نے کوئٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو بلیک میل کرنے والے 2افراد کو گرفتار کرلیا۔نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن کے ترجمان کے مطابق ایک خاتون نے شکایت درج کرائی تھی کہ رانا محمد معظم نے اسکی نازیبا ویڈیو بناکر واٹس ایپ پر شئیر کیں ہیں جس پر نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم رانا محمد معظم اوراسکے ساتھی حمد اللہ کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان نے بتایا کہ ملزمان نے متاثرہ لڑکی کے والد اوراسکے منگیتر کو بلیک میل کیا تھا ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والے موبائل فون فرانزک لیبارٹری بھجوادیئے گئے ہیں۔نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن نے ملزمان کے خلاف دفعات 21،24پیکا2016اور109پی پی سی کے تحت مقدمہ درج کرکے ملزمان کا عدالت سے ریمانڈ حاصل کرکے تفتیش شروع کردی۔

