گوادر (این این آئی)نیشنل پارٹی کے صوبائی فشریز سیکریٹری، آدم قادر بخش نے اپنے ایک سخت بیان میں کہا ہے کہ محکمہ فشریز بلوچستان کے دعوے محض جھوٹ اور دکھاوا ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ گڈانی سے لے کر جیونی تک گجہ اور وائرنیٹ مافیاز کا کھلا راج قائم ہے اور محکمہ صرف کاغذی بیانات جاری کر کے اپنی ناکامی پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل بروز جمعہ 19 ستمبر کنڈملیر ہنگول کے ساحل پر دو ناٹیکل میل کی حدود کے اندر گجہ ٹرالرز غیرقانونی شکار کر رہے تھے، مگر محکمہ فشریز نے حسبِ روایت آنکھیں بند رکھیں۔ یہ عمل نہ صرف ماہی گیروں کے ساتھ ظلم ہے بلکہ صوبے کے سمندری وسائل پر براہِ راست حملہ ہے۔
آدم قادر بخش نے کہا کہ محکمہ فشریز کو فورس کا درجہ دیا گیا ہے، مگر اس کے باوجود غیرقانونی جال اور ٹرالر آزادانہ سرگرم ہیں۔ پارلیمانی سیکریٹری فشریز اور ایم پی اے گوادر نے ہمیشہ ماہی گیروں کے نام پر سیاسی دکھاوا کیا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ان کی خاموشی نے مافیاز کو مزید مضبوط کیا اور ماہی گیروں کو تنہا چھوڑ دیا۔
انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو براہِ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ نے ماہی گیروں کے ساتھ کیے گئے وعدے پورے نہ کیے اور مافیاز کے خلاف فوری اور عملی کارروائی نہ کی، تو نیشنل پارٹی ماہی گیروں کے ساتھ مل کر صوبے بھر میں سخت احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔
مزید برآں آدم قادر بخش نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ بلوچستان کے ماہی گیروں کی فریاد سنیں اور صوبے کے سمندری وسائل کو لٹنے سے بچانے کے لیے وفاقی سطح پر ہنگامی اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وفاق اور صوبائی حکومتیں خاموش رہیں تو یہ ماہی گیر اپنی بقا کی جنگ خود لڑنے پر مجبور ہوں گے، اور اس کے تمام تر نتائج کی ذمہ داری براہِ راست حکمرانوں پر عائد ہوگی۔

