گوادر (این این آئی) ترقی دو تحریک پسنی کے ماہی گیروں کو درپیش سنگین مسائل پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کرتی ہے۔
یہ بات انتہائی افسوس ناک ہے کہ ہمارے ماہی گیر بھائیوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، جو ان کی روزی روٹی اور بنیادی حق کو متاثر کر رہی ہیں۔ ترقی دو تحریک پوری طرح سے ماہی گیروں کے اس مسئلے پر سنجیدہ ہے اور اس بات پر پختہ یقین رکھتی ہے کہ ان کے جائز مطالبات کو فوری طور پر پورا کیا جائے۔
ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ گوادر کے ایم پی اے ہدایت الرحمان نے الیکشن سے قبل ہمارے علاقے کے عوام سے بڑے بڑے دعوے کیے تھے، لیکن اب وہ ان وعدوں سے مکر گئے ہیں اور صرف بیان بازی تک محدود ہیں۔ یہ عمل ہمارے عوام کی امیدوں اور اعتماد کے ساتھ کھلواڑ ہے، اور ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ہم یہ ںھی واضح کرنا چاہتے ہیں کہ پسنی کے ماہی گیروں کو گوادر ایم پی اے ہدایت الرحمان نے گمراہ کیا ہے۔ الیکشن سے پہلے کیے گئے وعدوں پر اب کوئی عمل نہیں کیا جارہا، اور یہ انتہائی افسوسناک ہے۔
جب سمندر میں شکار کا وقت شروع ہو چکا ہے، تو ایسا لگتا ہے کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پسنی کے ماہی گیروں میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ روزی روٹی جیسے حساس مسئلے پر یہ بدامنی کسی بھی صورت میں صحیح نہیں ہے اور ہم اس کی بھی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
ترقی دو تحریک کے لیے اس مسئلے کے دونوں فریق، قابل احترام ہیں کیونکہ وہ ہمارے اپنے ہی علاقے کے لوگ ہیں۔
ہم امن و امان کے خواہاں ہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ کسی بھی مسئلے کا حل افہام و تفہیم اور بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ترقی دو تحریک اپنے ماہی گیر بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔
ہم تمام شہریوں سے بھی یہ گزارش کرتے ہیں کہ وہ اس مسئلے کو حل کی جانب لے جانے اور علاقے میں امن قائم رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم مل کر اپنے ماہی گیروں کے حقوق کا تحفظ کریں اور ان کی مشکلات کو کم کریں۔

