کوئٹہ حملہ “فتنہ الہندستان” کے پالتو دہشت گردوں کی کارستانی ہے۔ میر علی حسن زہری

کوئٹہ ( این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما، ترجمان صدر آصف علی زرداری اور صوبائی وزیر برائے زراعت بلوچستان، میر علی حسن زہری نے گزشتہ روز کوئٹہ ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس دلخراش سانحے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم اور شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ یہ بزدلانہ حملہ “فتنہ الہندستان” کے پالتو دہشت گردوں کی کارستانی ہے اور ان کا نشانہ ایف سی ہیڈکوارٹرز تھا جسے ہماری بہادری سیکیورٹی فورسز نے نہایت بہادری اور جرات سے ناکام بنا کر دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ بھارت کے ٹکڑوں پر پلنے والے چند ناعاقبت اندیش دہشت گرد بلوچستان میں کارروائیاں کر رہے ہیں لیکن ہم ان بھارت کے پالتو کتوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ بہت جلد ان بزدل دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ اس قسم کی بزدلانہ کارروائیوں سے نہ ہماری ہمت ٹوٹ سکتی ہے اور نہ ہمارے حوصلے کمزور ہو سکتے ہیں۔ پاکستان بالخصوص بلوچستان کے عوام کا عزم پہلے سے زیادہ مضبوط ہے اور ہم اپنے شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔پاک افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز وطن کی حفاظت میں دن رات چوکنا اور دہشتگردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑے ہیں اور کسی بھی ایسی کارروائی کا بھرپور جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ بزدل دہشت گرد عناصر جان لیں کہ ان کا سامنا ایک بہادر قوم سے ہے جس نے پہلے بھی دہشتگردی کو شکست سے دوچار کیا ہے آئندہ بھی دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا جائے گا اوردہشت گردوں کا آخری حد تک پیچھا کرتے ہوئے اُنہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ دہشت گرد چاہے کہیں بھی چھپیں، انہیں ڈھونڈ نکالا جائے گا اور عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں اور معصوم شہریوں کے خون کا حساب ضرور لیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر دشمن کے مذموم مقاصد کو ناکام بنایا اور مزید بڑے نقصان سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سیکیورٹی اہلکاروں کی بہادری اور قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔میر علی حسن زہری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صبر و حوصلے کا مظاہرہ کریں اور اتحاد و یکجہتی کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف اپنی صفوں میں مزید مضبوطی پیدا کریں۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ یہ وطن ہمارا ہے اور ہم سب نے مل کر اس کی حفاظت کرنی ہے۔آخر میں صوبائی وزیر نے شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ متاثرہ خاندانوں کو حکومت ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں