کوئٹہ(این این آئی) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ اگرچہ گلوبل وارمنگ ایک اہم عالمی مسئلہ ہے جس کیلئے اجتماعی ذمہ داری کی ضرورت ہے، ہمیں اس کے اثرات کو کم کرنے میں اپنے کردار کا بھرپور حصہ ادا کرنا چاہیے. پاکستان کو خطے میں سبز نخلستان بنانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ گلوبل وارمنگ درحقیقت ایک گلوبل وارننگ بھی ہے. موسمیاتی تبدیلیاں درحقیقت ہمیں انفرادی اور اجتماعی طور پر فوری کارروائی کرنے احساس دلاتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے دن گورنر ہاؤس کوئٹہ میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ماحولیات نسیم الرحمٰن ملاخیل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ مسلسل بڑھتا ہوا درجہ حرارت، پگھلتے ہوئے گلیشیئرز اور شدید موسمی واقعات ہمارے وجود کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ پائیدار طریقوں کو اپنانے، جنگلات میں اضافہ، اور ماحول دوست ٹیکنالوجیز کو فروغ دیکر ہم اپنے کاربن فوٹ پرنٹ کو کم کر سکتے ہیں اور ایک صحت مند ماحول بنا سکتے ہیں۔ یہ ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے کہ ہم آنے والی نسلوں کیلئے کرہ ارض کی حفاظت کریں، ایک قابل رہائش دنیا کو یقینی بنائیں جہاں مجموعی ارتقاء اور بقاء کو تحفظ مل سکے۔ بعدازاں گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل اور وزیر اعلیٰ کے مشیر نسیم الرحمٰن نے کوئٹہ شہر میں کمشنر آفیس کے سامنے گرین کوئٹہ ڈریم شجرکاری مہم کے تحت درخت لگایا اور کؤئٹہ شہر کو گرین سٹی بنانے کے خواب حقیقت میں بدلنے کیلئے بایزید خروٹی کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا. انہوں نے کہا کہ دین مبین اسلام نے درخت لگانے کو چودہ سو سال پہلے صدقہ جاریہ قرار دیا ہے. گرین اینڈ کلین پاکستان کی خاطر صوبے میں زیادہ درخت لگانے سے قومی پیداوار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

