بارڈربندش کی وجہ سے بلوچستان کے عوام تاجرنان شبینہ کے محتاج ہیں،مولانا ہدایت الرحمن

کوئٹہ(این این آئی)امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بارڈربندش کی وجہ سے بلوچستان کے عوام تاجرنان شبینہ کے محتاج ہیں،روزگارکاروبارتجارت انٹرنیٹ سمیت شاہراہیں بھی بندہیں صوبائی حکومت بے اختیار اورتماشادیکھ رہی ہے۔بلوچستان کے عوام پرموٹروے شجرممنوعہ کارخانے،روزگار،ترقی کے دروازے بندکیے گیے ہیں۔اللہ کے دیے ہوئے بلوچستان کی اپنی معدنیات گیس بجلی حتی کہ پینے کے پانی بھی میسر نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر میں مختلف تقاریب سے خطاب اوروفودسے ملاقاتوں کے دوران گفتگو میں کیا۔انہوں نے ڈیسلینیشن پلانٹ کا معائینہ،شہر میں پانی کے بحران پر قابو پانے کے لیے اہم پیشرفت کیا۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ، کمشنر مکران قادر بخش پرکانی،ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمن،چیف انجینئر جی ڈی اے سید محمد بلوچ،ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے مکران ریحان دشتی اور دیگر متعلقہ افسران نے گوادر پورٹ اتھارٹی کے ڈیسلینیشن پلانٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔دورے کے دوران انجینئر پیرداد بلوچ نے وفد کو پلانٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ کراتے ہوئے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایاکہ یہ ڈیسلینیشن پلانٹ روزانہ کی بنیاد پر تقریباً سات لاکھ گیلن صاف پانی پیدا کر کے گوادر شہر،بالخصوص اولڈ ٹاؤن کے بیشتر علاقوں کو سپلائی کر رہا ہے۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور کمشنر مکران نے پلانٹ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ آبی بحران کے تناظر میں یہ منصوبہ عوام کے لیے ریلیف کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے انجینئرز اور عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پانی کی فراہمی کو مزید بہتر اور مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری رہنے چاہئیں۔اس ڈیسلینیشن پلانٹ کی بحالی اور مؤثر فعالیت کا سہرا چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی نورالحق بلوچ کے سر جاتا ہیجن کی دن رات کی محنت اور مؤثر نگرانی سے پلانٹ تسلسل کے ساتھ کام کر رہا ہے۔چیئرمین گوادر پورٹ کے مطابق پلانٹ کی پیداواری صلاحیت میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ علاقوں کو صاف پانی فراہم کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں