پنجگور (این این آئی)گورنمنٹ گرلز ہائی سکول تارآفس چتکان میں قندیل تھیلیسیمیا کئیر سنٹر کی ٹیم کے دورے کے موقع پر ایک آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں کثیر تعداد میں طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کرام نے شرکت کی۔ قندیل تھیلیسیمیا کئیر سنٹر کے سربراہ خدانظر بلوچ نے طالبات کو تھیلیسیمیا کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا ایک جینیاتی مرض ہے جو خون کے سرخ خلیوں کو متاثر کرتا ہے اور اس کے مریضوں کو باقاعدگی سے خون کا عطیہ لینا پڑتا ہے۔ اپنی آئندہ نسل کو تھیلیسیمیا کے مرض سے بچانے کے لیے اپنا خون کا ٹیسٹ ضرور کروائیں۔ دو تھیلیسیمیا مائنر آپس میں شادی نہ کریں اور اس سے بچاؤ کا واحد حل آگاہی اور شادی سے قبل لڑکے اور لڑکی دونوں کا تھیلیسیمیا سے متعلقہ ٹیسٹ ضروری بنیاد پر کرواناتھیلیسیمیا کے علامات تھکاوٹ اور کمزوری سانس لینے میں دشواری دل کی دھڑکن کا تیز ہوناجلد کی سفیدی تھیلیسیمیا کے بارے میں آگاہی بہت ضروری ہے تاکہ لوگ اس مرض کے بارے میں جان سکیں اور اس سے بچاؤ کے لیے اقدامات کر سکیں واضح رہے کہ بلوچستان بھر میں ہر روز تھیلیسیمیا کے نئے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں اور اس حوالے سے حکومتی سطح پر خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں۔ان مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے قندیل تھلیسیما کئیر سنٹر پنجگور اپنی مدد آپ اور مخیر حضرات کی تعاون سے اب تک 130 بچوں کو علاج کرانے کی غرض سے پشاور اور کراچی لیکر گئے ہیں جن میں سے الحمداللہ اب 120 بچوں کو خون کی ضرورت نہیں پڑ رہی ہے۔اور قندیل تھیلیسیمیا کئیر سنٹر کی ٹیم تھیلیسیمیا کے بچوں کو ہر تین مہینے بعد چیک اپ کے لیے کراچی لے کر جارہی ہے جہاں ان کے رہائش، کھانے پینے کا انتظام مخیر حضرات کے تعاون سے ہو رہا ہے اور الخلیفہ الشہزاد ٹرانسپورٹ کے زریعے بچوں کو سفری سہولیات بالکل مفت فراہم کی جارہی ہے۔کاشف اقبال تھیلیسیمیا کئیر سنٹر کراچی کے زریعے 16 غریب بچوں کو مفت دواہیاں اور 33 بچوں کے مفت لیب ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جارہی ہیں۔قندیل تھیلیسیمیا کئیر سنٹر کے سربراہ خدانظر بلوچ نے بتایا کہ اگلے مہینے کے آخر میں کاشف اقبال تھیلیسیمیا کئیر سنٹر کراچی اور قندیل تھیلیسیمیا کئیر سنٹر پنجگور مشترکہ تعاون سے پنجگور میں ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کرنے جا رہے ہیں۔ اس سیمینار کا مقصد پنجگور کی عوام کو تھیلیسیمیا سے متعلق اضافی، بہترین، قابل عمل اور جدید معلومات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ہم اس شہر سے تھیلیسیمیا کے خاتمے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرسکیں جیسے کہ دیگر ممالک کی مثالیں موجود ہیں اور اس بات پر زور دیا گیا کہ سیمینار میں آپ تمام طالبات بمعہ اپنے والدین و دیگر احباب کے اپنی شرکت کو یقینی بنائیں۔ اس موقع پر سربراہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول تارآفیس چتکان میڈم کلثوم صاحبہ نے قندیل تھیلیسیمیا کئیر سنٹر کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں تھیلیسیمیا کے حوالے سے بہت کچھ جاننے کا موقع ملا۔اس طرح کے آگاہی سیشنز اور پروگرامز کا تسلسل نہ صرف تھیلیسیمیا سے متعلق جدید موضوعات کی معلومات فراہم کرے گا بلکہ تھیلیسیمیا کے خاتمے کے لئے انتہائی موثر آلہ ثابت ہو گا۔انہوں کہا کہ ہم اس نیک کام میں آپ لوگوں کے ساتھ ہیں اور انہوں نے تھیلیسیمیا کئیر سنٹر پنجگور کے لیے 5 ہزار روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا۔

