عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، سردار عبدالرحمن کھیتران

بارکھان /رکھنی(این این آئی) صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سردار عبدالرحمن کھیتران کی رکھنی آمد کے موقع پر کارکنوں اور مقامی عوام کی جانب سے ان کا پرتپاک اور شاندار استقبال کیا گیا۔ مختلف مقامات پر استقبالی کیمپ قائم کیے گئے تھے جہاں کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور نعروں کی گونج میں اپنے قائد کا خیرمقدم کیا۔دورے کے دوران صوبائی وزیر نے عوام سے براہِ راست رابطے کو ترجیح دیتے ہوئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کھلی کچہری میں پینے کے صاف پانی، نکاسی آب، جاری ترقیاتی منصوبوں اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل پیش کیے گئے۔ سردار عبدالرحمن کھیتران نے موقع پر موجود متعلقہ افسران کو شکایات کے فوری ازالے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے گا اور پانی کی قلت کے شکار علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔دورے کے موقع پر ایک خوشگوار اور جذبہ حب الوطنی سے بھرپور منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب صوبائی وزیر بچوں میں گھل مل گئے۔ انہوں نے بچوں کے ساتھ نہ صرف خوشگوار گفتگو کی بلکہ ان کے ہمراہ بلند آواز میں“پاکستان زندہ باد”کے نعرے بھی لگائے، جس سے فضا قومی جوش و خروش سے گونج اٹھی۔ بچوں نے بھی بھرپور انداز میں نعرے لگا کر اپنی خوشی اور محبت کا اظہار کیا۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وہ عوام کی خدمت کو اپنا مشن سمجھتے ہیں اور علاقے کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رکھنی سمیت ضلع کے دیگر علاقوں میں پانی اور صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں۔صوبائی وزیر نے پارٹی کارکنوں اور عمائدین علاقہ سے ملاقاتیں کیں اور باہمی مشاورت سے علاقے کی ترقی کیلئے آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔ شہریوں نے کھلی کچہری کے انعقاد اور بچوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ علاقے کے مسائل جلد حل ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں